ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایودھیا میں رام مندر میں 'پران پرتشٹھا' سے قبل اے ٹی ایس نے کیا تین لوگوں کو گرفتار

ایودھیا میں رام مندر میں 'پران پرتشٹھا' سے قبل اے ٹی ایس نے کیا تین لوگوں کو گرفتار

Sun, 21 Jan 2024 19:24:14    S.O. News Service

لکھنو 21 / جنوری (ایس او نیوز) رام مندر میں مورتی تنصیب کی تقریب 'پران پرتشٹھا' سے تین دن قبل یو پی اینٹی ٹیرر اسکواڈ  (اے ٹی ایس) نے جن تین مشکوک افراد کو گرفتار کیا  تھا ان کے تعلق سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے ان تینوں کا تعلق 'خالصتانی تحریک' سے ہے ۔

میڈیا میں آئی رپورٹوں کے مطابق     پولیس کے ایک سینئر افسر نے گرفتار شدہ افراد کی شناخت راجستھان کے رہنے والے شنکر دوساڈ عرف شنکر، اجیت کمار شرما اور پردیپ پونیا کے طور پر کرتے ہوئے کہا کہ ان تینوں کے بارے میں شکوک اس وقت مزید گہرے ہوگئے جب لکھنو کے چند افراد کے موبائل پر خالصتانی لیڈر کا ریکارڈ کیا گیا ایک وائس میسیج عام ہوگیا ۔ یہ پیغام ایک مرد کی آواز میں ہے اور اپنے آپ کو خالصتانی دہشت گرد گرپتونت سنگھ پنّون بتایا ہے جو امریکہ اور کینیڈا کی دوہری شہریت رکھتا ہے ۔ اس نے یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو  مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ میں رہنے اور پنجاب کو ہندوستان سے الگ کرنے کی حمایت کرنے والے گروپ 'سکھ فور جسٹس' (ایس ایف جے) 22 جنوری کو یو پی کے وزیر اعلیٰ کو ذمہ دار ٹھہرائے گا اور مورتی تنصیب کی تقریب اور رام مندر اس کو بچا نہیں پائیں گے ۔ اس پیغام میں ایودھیا میں گرفتار کیے گئے دو افراد کے  تعلق سے ایس ایف جے ہونے کی بات بھی کہی گئی ہے ۔

    یو پی کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (لا اینڈ آرڈر) پرشانت کمار نے راجستھان کے تین افراد کو ایودھیا میں گرفتار کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شنکر دوساڈ کینیڈا میں موجود ایک اور ہتھیار اسمگلر  لکھبیر سنگھ سندھو عرف لانڈا کے توسط سے پنّون کے رابطے میں تھا ۔ خالصتانی لیڈر نے اسے ایودھیا جانے اور وہاں ریکی (آس پاس کا جائزہ لینا) کرنے کے بعد ایودھیا کے اس مقام کا نقشہ تیار کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ پولیس نے ایودھیا میں تریمورتی ہوٹل کے پاس گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران دوساڈ اور اس کے دو ساتھیوں کو تحویل میں لیا تھا ۔ پولیس کی نظروں سے بچنے کے لئے انہوں نے اپنی ایس یو وی گاڑی پر زعفرانی جھنڈا لگا رکھا تھا۔

    ڈی جی پی کمار نے یہ بھی بتایا کہ دوساژ نے تفتیش کے دوران یہ بات بھی قبول کی ہے کہ اس نے ایودھیا کا نقشہ تیار کرنے   کی اس کی مدد کرنے کے لئے اپنے دو ساتھیوں کو ہمراہ لایا تھا ۔ ان تینوں سے مزید تفتیش جاری ہے ۔ 

    اے ٹی ایس کے ایک تفتیشی افسر نے بتایا کہ دوساڈ کے پاس سے دو الگ الگ شناختی کارڈ برآمد ہوئے ہیں ۔ وہ جو موبائل سم کارڈ استعمال کرتا ہے وہ دھرم ویر مہالا کے نام پر ہے جبکہ ایس وی یو کے رجسٹریشن پیپرس بھی جعل سازی کے ذریعے تیار کیے گئے ہیں ۔ 

    دوساڈ کے بارے میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے اے ٹی ایس ذرائع نے بتایا کہ دوساڈ 21 مارچ 2016 سے سات سال تک جیل میں قید رہنے کے بعد 15 مئی 2023 کو ضمانت پر رہا ہوا تھا ۔  جب وہ بیکانیر جیل میں تھا تب اس کی ملاقات لکھبیر سنگھ سے ہوئی تو اس نے اپنے بھتیجے پومّا سے ملنے کی ہدایت دی اور اس کے ذریعے دوساڈ کینیڈا کے خالصتانی لیڈر سُکھدول سنگھ گِل عرف سکھا دونیکے کے رابطے میں آ گیا ۔ اس طرح دوساڈ خالصتانی گروپس کے ساتھ تعلقات بنا لیے ۔ خیال رہے کہ سکھدول سنگھ کو نامعلوم حملہ آور نے ستمبر 2023  گولی مار کر ہلاک کر دیا  تھا۔

    اے ٹی ایس ذرائع کا کہنا ہے کہ دوساڈ مقتول گینگسٹر راجیندرا جاٹ کا قریبی ساتھی تھا اور جاٹ کے قتل کے بعد اس نے اس گینگ پر اپنا قبضہ جما لیا ۔ دوساڈ کے خلاف 2007 سے 2014 کے دوران راجستھان کے مختلف اضلاع میں تقریباً سات معاملے درج ہیں ۔ کانگریس یوتھ ونگ لیڈر رام کرشنا سیہاگ بیکانیر جیل میں قیدی بلویر بنوڈا کے قتل کے علاوہ دیگر معاملوں میں بڑا لمبا مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے ۔ 

    اس دوران پولیس نے ایودھیا میں حفاظتی بندوبست تیز کر دیا ہے اور موٹر گاڑیوں کی چیکنگ میں سختی برتی جا رہی ہے ۔       


Share: